حلب میں شامی فوج اور تحریر الشام تنظیم میں شدید لڑائی، 97 افراد ہلاک
حلب: (ویب ڈیسک) شامی فوجی اور تحریر الشام تنظیم کی لڑائی میں 97 افراد ہلاک ہوگئے۔
شام میں انسانی حقوق کی رصد گاہ نے تصدیق کی ہے کہ حلب کے دیہی علاقے میں شامی فوج کی تحریر الشام تنظیم اور دیگر مسلح گروپوں کے ساتھ شدید لڑائی ہوئی، لڑائی میں جانبین کے تقریباً 97 ارکان مارے گئے۔
تحریر الشام تنظیم نے بدھ کے روز حلب کے دیہی علاقے میں کارروائی کا آغاز کیا تھا، اس کے نتیجے میں تنظیم کے 44 اور دیگر اتحادی گروپوں کے 16 افراد مارے گئے، رصد گاہ نے واضح کیا کہ اس کارروائی کے دوران لڑائی میں شامی فوج کے 37 ارکان مارے گئے جن میں مختلف منصوبوں کے 4 افسران شامل ہیں۔
رصد گاہ کے مطابق تحریر الشام تنظیم اور اس کے دیگر اتحادی گروپوں نے حلب کے مغرب میں دیہی علاقے میں اپنی پیش قدمی جاری رکھی ہوئی ہے، یہاں وہ کارروائی کے آغاز کے بعد 12 گھنٹے سے بھی کم وقت میں 21 دیہات کا کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے، یہ کامیابی شامی فوج کے ساتھ شدید لڑائی اور جھڑپوں کے بعد سامنے آئی۔
یاد رہے کہ یہ مارچ 2020 میں روس اور ترکی کے شام میں فائر بندی پر متفق ہونے کے بعد اپنی نوعیت کی پہلی پیش قدمی ہے۔