کراچی کے سفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا مر گئی
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے سفاری پارک میں موجود ہتھنی سونیا مر گئی۔
ذرائع سفاری پارک کے مطابق ہتھنی سونیا کی موت گزشتہ رات ہوئی، صبح عملہ پہنچا تو ہتھنی کو مردہ پایا، سونیا ہتھنی کو دوسری ہتھنی سمیت معمول کے مطابق کھانا کھلا کر بند کیا گیا تھا۔
سفاری پارک کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ہتھنی سونیا کی عمر 22 سے 23 سال تھی، گزشتہ رات تک ہتھنی سونیا بظاہر مکمل صحت یابی تھی۔
ذرائع نے بتایا کہ ہتھنی کی موت کی وجہ جاننے کیلئے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، لاہور کی یونیورسٹی کے ماہرین سمیت فور پاز ٹیم بھی پوسٹ مارٹم میں حصہ لے گی، پوسٹ مارٹم کے بعد ہتھنی کے مختلف اعضاء کے نمونے ٹیسٹ کیلئے لیبارٹری بھیجے جائیں، رپورٹ آنے پر ہتھنی کی موت کا اصل سبب سامنے آسکے گا۔
سفاری پارک کے ذرائع نے بتایا کہ ہتھنی سونیا کے مرنے کے بعد اب سفاری پارک میں 2 ہتھنیاں ہیں۔