گورنر پنجاب سردار سلیم کی شہید میجر حسیب کے گھر آمد ، اہل خانہ سے تعزیت کی

راولپنڈی :(دنیا نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان بلوچستان میں شہید ہونے والے میجر محمد حسیب شہید کے گھر گئے۔

گورنر پنجاب نے راولپنڈی میں میجر حسیب شہید کے گھر والوں سے تعزیت کی اور بلندی درجات کے لیے دعا کی، شہید نے بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران جام شہادت نوش کیا تھا ۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم کا کہنا تھا کہ میجر محمد حسیب دفاع وطن کا فریضہ ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے، شہداء ہمارا فخر ہیں، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، شہیدوں نے اپنے خون سے ملک کی حفاظت یقینی بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنا اعزاز کی بات ہے، آج شہداء کی قربانیوں کی بدولت یہ ملک قائم ہے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ والدین اور عزیزوں کا ملک و قوم کے لیے جذبہ حب الوطنی قابل تعریف اور بے مثال ہے، شہداء کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم چین کی نیند سو رہے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں