بیروت سے 318 پاکستانیوں کو لیکر خصوصی طیارہ وطن روانہ
بیروت: (ویب ڈیسک) شام سے بیروت پہنچنے والے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصی طیارہ وطن روانہ ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ بیروت نے پاکستانیوں کے ویزے لگوائے ، بیروت آنے پر ان کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے، بیروت ایئرپورٹ پرپاکستانی سفیر نے طیارے کو الوداع کہا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کو واپس لانے والا خصوصی طیارہ رات 2 بجے اسلام آباد پہنچے گا۔
شام میں باغیوں کی جانب سے بشارالاسد کی حکومت کا تختہ پلٹنے کے بعد وہاں نظام زندگی تاحال معمول پر نہیں آسکے، پروازیں منسوخ ہونے سے سیکڑوں پاکستانی وہاں پھنس گئے ، جن کے انخلاء کی کوششیش کی جا رہی ہیں۔
دفتر خارجہ کی جانب سے شام میں پھنسے پاکستانیوں کےمحفوظ انخلاء کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں، وزیراعظم نے حکام کو شہریوں کے محفوظ انخلاء کی ہدایت کی تھی۔
حکام کے مطابق اس وقت شام میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی شہری موجود ہیں جن میں سے 260 صرف زائرین ہیں۔