فوڈ سکیورٹی منصوبے سے ہزاروں کمزور پاکستانی خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا: سعودی سفیر
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے پاکستان کی معاونت کیلئے سعودیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا ہے کہ کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے فوڈ سکیورٹی منصوبے سے پاکستان میں ہزاروں کمزور خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا جس سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
سعودی سفیرنے سعودیہ کے سفارت خانے میں شاہ سلمان انسانی امداد اور امدادی مرکز کے زیر اہتمام فوڈ سکیورٹی اقدام کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ملک سعودی عرب کی جانب سے برادر ملک پاکستان کو تحفے کے طور پر ایک لاکھ 47 ہزار 500 فوڈ پیکجز دینے کے لئے اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے باعث مسرت امر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ غذائی امداد گلگت بلتستان اور آزادکشمیر سمیت پاکستان کے چاروں صوبوں میں ضرورت مند افراد میں تقسیم کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ کنگ سلمان ریلیف کی سربراہی میں یہ اقدام عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کی کوششوں کے لئے سعودی عرب کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
سعودی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ کے ایس ریلیف برادر ملک پاکستان اور اس کے عوام کے لئے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔