سعودیہ کی انسانی ہمدردی کی غیر متزلزل کوششیں قابل تعریف ہیں: رانا تنویر حسین

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ سعودی عرب کی انسانی ہمدردی کی غیر متزلزل کوششیں قابل تعریف ہیں۔

وفاقی وزیررانا تنویر حسین نے سعودی سفارتخانے میں کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر (کے ایس ایف) کے زیر اہتمام 2024-2025 کے لئے پاکستان میں فوڈ سکیورٹی کے تازہ ترین اقدام کے آغاز سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ہم ملک کے دور دراز پسماندہ طبقوں میں فوڈ پیکجز کی تقسیم کی تقریب کے اس عظیم موقع پر اکٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سلطنت کی طرف سے فراخدلی اور ہمدردی کے پائیدار جذبے کا ثبوت ہے، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے انہوں نے عالمی انسانی مقاصد کے لئے ان کے عزم کی تعریف کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ غذائی پیکجز کی تقسیم سے غربت، غذائیت کی کمی اور غذائی عدم تحفظ سے دوچار ہزاروں خاندانوں کو انتہائی ضروری ریلیف ملے گا، یہ کوششیں ایک جامع اور پرعزم معاشرے کی تعمیر کے پاکستان کے ویژن سے ہم آہنگ ہے جہاں ہر فرد کو زندگی کی بنیادی ضروریات تک رسائی حاصل ہو۔

رانا تنویر حسین نے ثقافت اور باہمی احترام پر مبنی کثیر جہتی تعلقات پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ خوشی اور مصیبت کے وقت ہماری دونوں قومیں ہمیشہ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہوئی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں