کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا، فریقین نے مشاورت کیلئے وقت مانگا ہے: بیرسٹر سیف

پشاور: (دنیا نیوز) مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ کرم گرینڈ جرگہ ختم نہیں ہوا بلکہ فریقین نے مزید مشاورت کیلئے ایک دن کا وقت مانگا ہے۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جرگہ ٹوٹنے کی خبریں بے بنیاد ہیں ایسی خبریں پھیلانا امن دشمنوں کی کارستانی ہو سکتی ہے، امن کو یقینی بنانے کیلئے سوشل میڈیا پر غیر ضروری پروپیگنڈہ سے اجتناب کیا جائے، ایک دن کا وقفہ بنکرز کے خاتمے اور اسلحہ جمع کرنے کے حوالے سے مشاورت کیلئے کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بنکرز واسلحہ حوالگی کے حوالے سے اپنے بڑوں سے مشاورت کیلئے گرینڈ جرگہ سے ایک دن کا وقت مانگا گیا تھا، کابینہ کے فیصلے کے مطابق اسلحہ جمع کرانا اور بنکرز کا خاتمہ انتہائی ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت علاقے میں مستقل امن چاہتی ہے، بنکرز کا خاتمہ اور علاقے کو اسلحہ سے پاک کرانا لازمی ہے، حکومت کو روڈ کی بندش کے باعث علاقے میں عوامی مسائل کا بخوبی ادراک ہے، وزیراعلیٰ کے ہیلی کاپٹر میں ضروری ادویات علاقے میں پہنچائی جا رہی ہیں، زخمیوں کو بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور پہنچایا جا رہا ہے۔

بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے محکمہ خوراک کو 2 ہزار میٹرک ٹن گندم پہنچانے کی ہدایت کی ہے۔

صوبائی مشیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کرم کا مسئلہ 120 سال پرانا ہے اس کے مستقل خاتمے میں وقت لگ سکتا ہے، وزیراعلیٰ کی مخلصانہ کوششوں سے صدیوں پرانے مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، امید ہے کہ چند دنوں میں مسئلہ ختم ہو جائے گا اور علاقے میں مستقل امن قائم ہو جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں