لاس اینجلس کے جنگلات میں لگی آگ بے قابو، 2 افراد ہلاک، ہنگامی حالت نافذ
لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) امریکا کے مشہور شہر لاس اینجلس کے قریب واقع جنگلات میں لگی آگ بے قابو ہوگئی ہے، جس کے نتیجے میں اب تک دو افراد ہلاک، سیکڑوں عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے۔
کیلیفورنیا کے گورنر ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے 70 ہزار شہریوں کو اپنے گھروں سے محفوظ مقام پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق لاس اینجلس کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ سے پہاڑی علاقے بھی متاثر ہوگئے ہیں جبکہ فائرفائٹرز کی جانب سے آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔
لاس اینجلس کاؤنٹی کے فائر چیف انتھونی میرون نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ ایک ہزار سے زائد عمارات متاثر ہوگئی ہیں۔
بدترین آگ کے نتیجے میں لاس اینجلس کے مشرق میں ساحلی قصبے سانتا مونیکا اور مالیگو کے درمیان واقع خوب صورت مناظر اور فلمی صنعت کی جنت کہلانے والے علاقے میں 5 ہزار ایکڑ اراضی تباہ ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آگ کی دوسری لہر ایٹون کے علاقے میں پھیلی جہاں دو ہزار ایکڑ کا علاقہ متاثر ہوا اور یہاں دو افراد ہلاک ہوگئے تاہم حکام نے مزید تفصیلات سے لاعلمی کا اظہار کیا۔
لاس اینجلس کے ہی تیسرے مقام سان فرنانڈو ویلی میں سیلمار میں بھی جنگلات میں آگ لگی جو 500 ایکڑ تک پھیلی ہوئی ہے تاہم حکام کے مطابق تینوں مقامات پر آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا۔