9 مئی کو جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے کا تفصیلی فیصلہ جاری

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو جی او آر گیٹ پر حملے کے مقدمے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔

اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے 82 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا، مجرمان یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، محمود الرشید اعجاز چوہدری کو مجموعی طور پر 36 برس قید کی سزا سنائی گئی۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ مجرمان کو انسداد دہشت گردی ایکٹ سیکشن سات کے تحت دس سال قید اور پانچ لاکھ جرمانہ کی سنائی جاتی ہے، انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن دس کے تحت دس سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ پی پی سی کے سیکشن 120 کے تحت 10 سال اور سیکشن پانچ سو پانچ کے تحت پانچ سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ پی پی سی کے سیکشن 153 کے تحت ایک سال قید کی سزا سنائی جاتی ہے، انسداد دہشتگردی ایکٹ کے سیکشن 7(2) کے تحت پراپرٹیز بھی ضبط کی جاتی ہیں۔

عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں کہا کہ پراسیکیوشن شاہ محمود قریشی کی حد تک کیس ثابت کرنے میں ناکام رہی، شاہ محمود قریشی کا کیس دیگر چار ملزمان کے کیس سے مختلف ہے۔

فیصلے میں کہا گیا کہ شاہ محمود قریشی نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے ایئر ٹکٹ فراہم کیے، شاہ محمود قریشی کو مقدمے سے بری کیا جاتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں