جنوبی میکسیکو میں ٹرین پٹری سے اتر گئی، 13 افراد ہلاک، متعدد زخمی
میکسیکو: (دنیا نیوز) جنوبی میکسیکو میں ٹرین کے پٹری سے اترنے کے افسوسناک حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ ریاست اوساکا اور ویرا کروز کو ملانے والی ریلوے لائن پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین میں مجموعی طور پر 241 مسافر سفر کر رہے تھے جبکہ عملے کے 9 ارکان بھی ٹرین میں موجود تھے، اچانک پیش آنے والے اس واقعہ کے باعث ٹرین کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر کر ایک دوسرے پر چڑھ گئیں، جس کے نتیجے میں بھاری جانی نقصان ہوا، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے، مقامی پولیس اور طبی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے امدادی کارروائیاں کی گئیں جبکہ شدید زخمی افراد کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
جائے حادثہ پر ایمبولینسز، فائر بریگیڈ اور سول ڈیفنس کے اہلکار پہنچ گئے جو ملبے میں پھنسے افراد کو نکالنے میں مصروف رہے، بعض مسافروں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں ٹریک کی خرابی یا تکنیکی نقص شامل ہو سکتا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، میکسیکو کی وفاقی حکومت اور متعلقہ ریلوے حکام نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے امدادی پیکج کا اعلان بھی متوقع ہے۔
حادثے کے بعد اس ریلوے روٹ پر ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ مسافروں کو متبادل سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔