منہدم ہونیوالی عمارتوں کے باسیوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ

کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ نے کراچی میں منہدم ہونے والی عمارتوں کے باسیوں کو محفوظ رہائش فراہم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت نے خطرناک عمارتوں کو خالی کرانے اور انہدام کے لیے ترجیحی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متاثرہ شہریوں کو محفوظ رہائش فراہم کی جا سکے۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے فیصلہ کیا ہے کہ غیر محفوظ عمارتوں کو فوری خالی کرایا جائے، فیصلے کے مطابق جو عمارتیں پہلے ہی خالی کی جا چکی ہیں انہیں مسمار کیا جائے گا، متاثرہ رہائشیوں کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شہر بھر میں 588 انتہائی خطرناک عمارتوں میں سے 471 کا سروے اسسٹنٹ کمشنرز نے مکمل کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 59 خالی کرائی گئی عمارتوں کے متاثرین کی رہائش کی ترجیح طے کی ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے فلیٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حیدرآباد، سکھر اور صوبے کے دیگر شہروں میں بھی ایسے سروے کیے جائیں گے تاکہ خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کی جا سکے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں