سرگودھا میں بے سہارا بچوں کیلئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کا افتتاح
سرگودھا: (دنیا نیوز) چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد اور صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس ملک صہیب احمد بھرتھ نے سرگودھا میں نئے چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
چیئرپرسن سارہ احمد نے کہا کہ اس منصوبے کا آغاز وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی سپورٹ سے کیا گیا ہے، چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ سرگودھا میں بے سہارا، لاوارث اور استحصال کا شکار بچوں کو رہائشی سہولیات کے ساتھ ساتھ قانونی معاونت اور نفسیاتی کونسلنگ فراہم کی جائے گی، اس ادارے میں 100 بچوں کے لیے رہائشی سہولیات کی گنجائش موجود ہے۔
سارہ احمد کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی جبکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا دائرہ کار پنجاب کے تمام اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے، انہوں نے ملک میں پہلی مرتبہ پنجاب میں چائلڈ پروٹیکشن پالیسی کی منظوری پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
چیئرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے پنجاب کے مختلف اضلاع میں بیورو کے دفاتر قائم کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری داخلہ پنجاب اور دیگر محکموں کے تعاون پر بھی اظہارِ تشکر کیا، تقریب کے دوران بچوں نے ٹیبلو پر پرفارمنس پیش کی، چیئرپرسن سارہ احمد نے صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ کے ہمراہ چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے مختلف سیکشنز کا دورہ کیا، صوبائی وزیر، چیئرپرسن اور اراکین صوبائی اسمبلی نے بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ کیک کاٹا۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے سرگودھا میں چائلڈ پروٹیکشن انسٹیٹیوٹ کے قیام پر چیئرپرسن سارہ احمد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب مہوش سلطانہ، صفیہ سعید، احمد لغاری، صفدر حسین ساہی، رئیس نبیل، چائلڈ رائٹس ایکٹوسٹ افتخار مبارک، ایڈیشنل سیکرٹری ہوم اسما اعجاز، ڈپٹی کمشنر سرگودھا، ڈائریکٹر جنرل چائلڈ پروٹیکشن بیورو راؤ ندیم اختر، ڈائریکٹر ایڈمن وقار عظیم اور مختلف محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔