اچھی گورننس سے بڑھ کر کوئی سیاست نہیں، صوبوں میں تفریق نہیں کی: مریم نواز
لاہور:(دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اچھی گورننس سے بڑھ کر کوئی سیاست نہیں ہے، صوبوں میں تفریق نہیں کی۔
صوبائی دارالحکومت میں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ آپ سے مل کر خوشی ہوئی، بلوچ طلبہ ہمارے مہمان ہیں، جب مجھے معلوم ہوا کہ آپ ملنا چاہ رہے ہیں تو میں نے فوراً میٹنگ کا کہا۔
اُنہوں نے کہا کہ آبادی کے لحاظ سے صوبہ پنجاب سب سے بڑا ہے، اِس کو زیادہ پیسے ملنے کی بات غلط ہے، آبادی کے لحاظ سے صوبوں کو وفاق سے فنڈز ملتا ہےایسی باتوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اچھی گورننس سے بڑھ کر کوئی سیاست نہیں، میں نے کبھی کسی دوسرے صوبوں کے طلبہ میں تفریق نہیں کی ، ہمیں پنجابی ، سندھی بلوچی کی تفریق نہیں کرنی، اِس سے ملک کمزور ہوتا ہے، پنجاب کے تعلیمی اداروں میں تمام صوبوں کے بچے پڑھتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں سفارش کلچر ختم کردیا ہے ، یہاں میرٹ پر تقرریاں کی جارہی ہیں، یہاں پچھلے پانچ سال سے یہ برائیاں چل رہی تھیں، بلا تفریق عوام کی خدمت پر یقین رکھتے ہیں، پنجاب کا پیسہ یہاں کے عوام پر لگ رہا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ صوبے کے ایسے علاقے بھی ہیں جہاں کئی کئی روز کسی جرم کی اطلاع نہیں ملتی، سی سی ڈی کی کارروائیوں کے باعث ہراسانی کے واقعات میں بھی واضح کمی ہوئی ہے، سی سی ڈی نے جو کام کیا اُس کی مثال نہیں ملتی، خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپنا گھر سکیم کے تحت روزانہ کی بنیاد پر 500 گھر تعمیر ہورہے ہیں، اب تک 65 ہزار گھر بن چکے ہیں، ہمارے دروازے دوسرے صوبوں کے لیے کھلیں ہیں، ملک کا مستقبل آپ نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو کبھی اس بہکاوے میں نہیں آنا، آپ پاکستان کا جھنڈا اٹھانے والے لوگ ہیں، پاکستان کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار ایئر ایمبولنس شروع کی گئی، پورے صوبے میں سڑکوں کا جال بچھایا، سیف سٹیز کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے، اپنی مدت کے دوران صوبے میں امراض قلب کے ہسپتال بنانے جا رہے ہیں۔