غریب کیلئے روٹی کھانا بھی مشکل: ملک بھر میں آٹا مہنگا، کئی شہروں میں ناپید
لاہور:(دنیا نیوز) غریب کے لیے روٹی کھانا بھی مشکل بنا دیا گیا، ملک کے مختلف اضلاع میں آٹا مہنگا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں آٹے کی فی کلو قیمت میں 30 روپے کلو تک اضافہ کردیا گیا، اِسی طرح کراچی میں 40روپے تک قیمت بڑھی جب کہ کوئٹہ میں دکانداروں نے 20 روپے فی کلو نرخ میں اضافہ کر دیا۔
دوسری جانب مرکزی چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن بدر الدین کاکڑ کا کہنا تھا کہ آٹا سرکاری نرخوں پر لاہور اور چند شہروں کے علاوہ ناپید ہے، 20کلو تھیلا کی بجائے پندرہ کلو فروخت کیا جا رہا ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ 15کلو آٹا تھیلا ریٹ 2ہزار روپے میں کیا جا رہاہے ، محکمہ فوڈ 20کلو کی بجائے پندرہ کلو مہنگا آٹا فروخت کروا رہا ہے۔
بدرالدین کاکڑ نے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی بین الاصوبائی پابندی ختم ہونی چاہیے، پورے پنجاب میں برابری کی سطح پر گندم کوٹہ دیا جائے۔
علاوہ ازیں شہریوں کا کہنا تھا کہ حکومت مقررہ نرخوں میں آٹے کی فروخت کو یقینی بنانے میں ناکام ہوچکی ہے ، مہنگائی نے پہلے ہی جینا دوبھر کررکھا ہے۔