چائے کے نشے کا نیا علاج: ’چائے کی خوشبو‘ والا پرفیوم لانچ

میلان: (ویب ڈیسک) چائے پینے کے شوقین افراد کیلئے بڑی خبر آگئی، اب انہیں چائے کی طلب ہو تو وہ چائے پینے کے بجائے اس کی خوشبو والا پرفیوم لگا سکتے ہیں۔

لگژری برانڈ بنانے والی نامور کمپنی پراڈا نے ’’ چائے‘‘ سے متاثر ہو کر پرفیوم لانچ کیا ہے، پراڈا نے ’’انفیوژن ڈی سنٹل چائے‘‘ نامی پرفیوم لانچ کیا ہے جو بھارتی چائے سے متاثر ہے، ایسے لوگ جو دن میں کئی بار چائے پیے بغیر نہیں رہ سکتے یہ پرفیوم یقیناً ان کیلئے کافی کار آمد ثابت ہوگا۔

شوقین افراد اس مانوس خوشبو کو اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں جو برسوں سے آپ کے موڈ کو خوشگوار بناتی آئی ہے، یہ خوشبو پراڈا کے یونیسیکس ’’لیز انفیوژنز‘‘ کلیکشن کا حصہ ہے اور اسے محض ایک خوشبو کی بجائے ایک تجربے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔

نئے پرفیوم سے متعلق اعلان 8 جنوری کو پراڈا کے سوشل میڈیا چینل پر کیا گیا، ویڈیو میں صرف ایک براؤن رنگ کی پرفیوم بوتل دکھائی گئی ہے، جس میں کریمی چائے کو صندل کی چھال پر بہتے ہوئے دکھایا گیا ہے پس منظر میں سبز الائچی کے دانے نظر آتے ہیں۔

پراڈا بیوٹی کی ویب سائٹ کے مطابق، انفیوژن ڈی سنٹل چائے میں صندل کی لکڑی اور دودھ جیسی خوشبو ہے، پرفیوم کی کلیدی عنصر میں چائے، لٹے ایکارڈ، صندل، کھٹی مہک اور مشک شامل ہیں۔

خوشبو کی خصوصیات کافی اچھوتے انداز میں بیان کی گئی ہے، جسیے ’’یہ پرفیوم کریمی صندل کو چائے لٹے کے مسالہ دار نوٹس کے ساتھ جوڑتا ہے، جس میں تازہ اور الائچی کی مہک کے ساتھ مشک کی صاف اور دل کو چھو لینے والی خصوصیات بھی شامل ہیں۔‘‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ شاید عام چائے پینے کے شوقین افراد اسے خرید نہ سکیں کیوں کہ پرفیوم کی قیمت 190 ڈالرز یعنی بھارتی روپے میں تقریباً 17,083 روپے رکھی گئی ہے، اس لئے عام صارف اسے آسانی سے خریدنے کے قابل نہیں ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں