وزیرِ خزانہ سے سعودی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد الفالح سے ملاقات کی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق ہوا، ملاقات میں دوطرفہ سرمایہ کاری اور جاری منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع پر سعودی قیادت کی جانب سے اعتماد کا اظہار کیا گیا۔

اعلامیہ میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان ادارہ جاتی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ ہوا، تکنیکی ٹیموں کے قریبی رابطے سے مشترکہ ترجیحات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، پاکستان سعودی اقتصادی شراکت داری کو نئی وسعت دینے پر زور دیا گیا۔

اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں اعلیٰ سطحی روابط اور باہمی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں