امریکہ کا مشرقِ وسطیٰ میں عسکری موجودگی بڑھانے کا اعلان

دبئی: (سید مدثر خوشنود) امریکہ نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیشِ نظر اپنے بحری بیڑے اور دیگر عسکری اثاثے خطے میں تعینات کرنے کا اعلان کیا ہے، جس کا مقصد دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانا بتایا جا رہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے نے بتایا ہے کہ امریکی بحریہ کا طیارہ بردار جہاز USS Abraham Lincoln اور اس کے ساتھ دیگر عسکری اثاثے آئندہ چند روز میں مشرقِ وسطیٰ پہنچیں گے، حکام کا کہنا ہے کہ اس تعیناتی کا مقصد اتحادیوں کو یقین دہانی کرانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت برقرار رکھنا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے اس موقع پر یہ بھی واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں براہِ راست فوجی کارروائی کو ترجیح نہیں دی جا رہی، تاہم خطے میں امریکی افواج کی موجودگی دفاعی نوعیت کی ہوگی تاکہ کشیدگی میں مزید اضافہ روکا جا سکے۔

عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکہ کی جانب سے اس سطح کی فوجی تعیناتی اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ واشنگٹن مشرقِ وسطیٰ میں سلامتی کی صورتحال کو سنجیدگی سے دیکھ رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق آئندہ پیش رفت کا دارومدار سفارتی کوششوں اور علاقائی حالات پر ہوگا، جو خطے میں امن یا مزید تناؤ کی سمت کا تعین کریں گے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں