امریکا نے نیٹو سے متعلق بیان پر برطانوی تنقید مسترد کر دی
واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے نیٹو سے متعلق بیان پر برطانیہ کی جانب سے امریکا پر کی جانے والی تنقید کو مسترد کر دیا۔
وائٹ ہاؤس سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ٹرمپ درست کہتے ہیں، نیٹو کیلئے امریکا نے سب سے زیادہ قربانیاں دیں، امریکا نے نیٹو کیلئے دیگر ممالک سے زیادہ کردار ادا کیا۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں نیٹو کے اتحادی ممالک پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ افغانستان میں طالبان کے خلاف جنگ کے دوران نیٹو کے غیر امریکی فوجی محاذِ جنگ سے کچھ پیچھے رہے اور وہ فرنٹ لائن پر نہیں تھے۔
امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے برطانیہ کے وزیراعظم سر کیئر سٹارمر نے افغانستان میں برطانیہ سمیت نیٹو کے کردار پر امریکی صدر ٹرمپ کے بیان کو مضحکہ خیز، خطرناک اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔
کنزرویٹو لیڈر کیمی بیڈینوک نے بھی امریکی صدر کے بیان کو’’فضول بکواس‘‘ قرار دیا، جبکہ امریکا میں مقیم برطانیہ کے شہزادہ ہیری کا بھی کہنا تھا کہ افغانستان میں دی گئی نیٹو افواج کی قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔