طالبان رجیم کی سرپرستی میں بڑھتی دہشت گردی خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار
اسلام :(دنیا نیوز) طالبان رجیم کی سرپرستی میں پروان چڑھتی دہشتگردی خطے کے امن و استحکام کیلئے سنگین خطرہ قراردے دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق افغانستان میں دہشتگردوں کی موجودگی اور پشت پناہی کے باعث طالبان رجیم پرعالمی دباؤ میں اضافہ ہوگیا۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فوکونگ نے طالبان رجیم پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں فتنہ الخوارج ، ای ٹی آئی ایم، داعش اور دیگر دہشتگرد تنظیمیں سرگرم ہیں۔
فوکونگ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود دہشتگرد تنظیمیں افغانستان کے پڑوسی ممالک کیلئے سنگین خطرہ ہیں، افغانستان میں چینی شہریوں پر بھی حملے ہوئے جس سے متعدد ہلاکتیں ہوئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ چین افغانستان سے ہونے والی ہر قسم کی دہشتگردی کی سخت اور بھرپور مذمت کرتا ہے،افغان طالبان پر زور دیتے ہیں کہ وہ دہشتگردی کے سنگین خطرات کو تسلیم کریں، افغان طالبان افغانستان کی سرزمین سے سرگرم تمام دہشت گرد عناصر کا مکمل خاتمہ کریں۔
دوسری جانب عالمی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارت اور افغانستان کاگٹھ جوڑ خطے کے امن کیلئے سنگین چیلنج ہے، افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں افغانستان دہشتگردوں کی آماجگاہ بن چکا ہے،دنیا بھر سے اٹھنے والے آوازیں پاکستان کے موقف کی تائید ہیں کہ افغان طالبان دہشتگردوں کی پشت پناہی میں ملوث ہیں۔