حج انتظامات کیلئے وزارت مذہبی امور کی ایڈوانس ٹیم سعودی عرب روانہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) حج 2026 کے انتظامات کے سلسلے میں وزارت مذہبی امور کی ایڈوانس ٹیم سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق 80 افراد پر مشتمل ایڈوانس ٹیم میں خدام الحجاج اور پاکستان حج میڈیکل مشن کا عملہ شامل ہے، ٹیم مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ پہنچ کر مرکزی کنٹرول دفاتراور دیگر سہولیات کے دفاتر قائم کرے گی۔

18 اپریل کو حج فلائی آپریشن کے آغاز سے قبل استقبالیہ ٹیم بھی اپنی ذمہ داریاں سنبھالے گی۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ٹیم حجاج کی رہائش، کھانے پینے اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دے گی، پاکستان حج میڈیکل مشن کی ٹیم ہسپتال اور ڈسپنسریز کے قیام کا کام مکمل کرے گی۔

دوسری جانب عازمین حج کیلئے خوشخبری ہے کہ حکومت کی جانب سے دورانِ حج ان کیلئے بڑی سہولت کا اعلان کیا گیا ہے۔

حکومتِ پاکستان کی جانب سے رواں سال حج کی سعادت کیلئے جانے والوں کو سعودی عرب میں استعمال کیلئے مقامی سم کارڈ بلا معاوضہ فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اس سہولت کے تحت ہر حاجی کو قیام کے دوران رابطوں میں آسانی کیلئے مفت کالز اور انٹرنیٹ کی سہولت دی جائے گی۔

لانگ پیکیج یعنی 40 دن قیام کرنے والے حاجیوں کو 600 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 40 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا مفت فراہم کیا جائے گا، جبکہ شارٹ پیکیج کے تحت جانے والے حاجیوں کو 300 لوکل و انٹرنیشنل منٹس اور 25 جی بی انٹرنیٹ ڈیٹا دیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں