وزیراعظم کا ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کے نام خط، ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو ایک خط لکھا ہے جس میں ان کے والد محترم، اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے اور انہیں سپریم لیڈر کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی گئی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے ایران کے برادر عوام اور وسیع تر امت مسلمہ کے لیے پاکستانی عوام کی تعزیت اور دعاؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کی وجہ سے پاکستانی عوام کو شدید دکھ میں ہے اور اس مشکل وقت میں ایران کی قیادت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم نے اس اہم ذمہ داری کو سنبھالنے پر رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کو مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت آنے والے سالوں میں امن، استحکام، وقار اور خوشحالی کی طرف ایران کی رہنمائی کرے گی۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مشترکہ عقیدے، تاریخ، ثقافت اور زبان پر مبنی ہیں۔
وزیراعظم نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دونوں برادر ممالک کے مفاد کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
اپنے خط میں وزیراعظم نے رہبر معظم مجتبیٰ خامنہ ای کی صحت، اور کامیابی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے برادر عوام کے لئے امن، استحکام اور خوشحالی کے لئے بھی دعا کی ہے۔