ماہ رمضان سے قبل آٹے کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، شہری پریشان

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت نے ماہ رمضان سے قبل ہی شہریوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین لیا، آٹے کی فی کلو قیمت کا تعین کر دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق حکومت سندھ نے آٹے کی فی کلو قیمت میں 8 روپے کا اضافہ کر دیا، جس کے بعد آٹے کی فی کلو ریٹیل قیمت 8 روپے اضافے سے 107 روپے کلو مقرر کر دی گئی ہے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1070 روپے میں فروخت ہوگا۔

کمشنر کراچی نے آٹے کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے 10 کلو آٹے کا تھیلا 80 روپے مہنگا کر دیا ہے۔

آٹے کی ریٹیل قیمت 107 فی کلو، 10 کلو آٹا کا تھیلا 1070 روپے کا ہوگا، آٹے کی ایکس مل قیمت 104 روپے فی کلو، 10 کلو کا تھیلا 1040 روپے کا ہوگا۔

کمشنر کراچی نے دسمبر2025 میں آٹے کی قیمت99روپے فی کلو مقرر کی تھی، انتظامیہ شہر قائد میں آٹے کو سرکاری قیمت پر فروخت کرانے میں ناکام ہوگئی۔

ریٹیل دکانوں پر عوام کو سرکاری ریٹ پر کہیں بھی آٹا دستیاب نہیں، ریٹیل دکانوں پر 1 کلو آٹا 125 روپے، 10 کلو کا تھیلا 1250 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، کراچی میں چکی کے آٹے کا ریٹ 140 روپے فی کلو ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں