ملک کا کوئی حصہ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں : مولانا فضل الرحمان

اسلام آباد:(دنیا نیوز) سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ملک کا کوئی حصہ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں ۔

وفاقی دارالحکومت سے جاری اپنے ایک بیان میں مولانا فضل الرحمان نے امام بارگاہ دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت جب کہ زخمیوں کی صحتیابی کے لئے دعا کی ۔

اُنہوں نے کہا کہ راولپنڈی دھماکہ افسوسناک اور قابل مذمت ہے، حملہ آور انسانیت کے دشمن ، کسی رعایت کے مستحق نہیں، کے پی ، بلوچستان کے بعد اب اسلام آباد میں بھی مسلسل دہشت گردانہ کارروائیاں ہورہی ہیں۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا ملک کا کوئی حصہ دہشت گردوں سے محفوظ نہیں ،فرقہ وارانہ فسادات کرنے والے قومی و بین الاقوامی عناصر کی مجرمانہ ذہنیت کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، اہم سانحوں کے بعد حکمرانوں کے دورے اور مذمتی بیانات پر انحصار کرکے قوم کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ادارے سیاسی مداخلت سے فارغ ہو تو امن وامان اور عوام کے جان ومال کے تحفظ پر توجہ دیں، درجنوں انٹیلی جنس ایجنسیوں کے ہوتے اسلام آباد میں محترم دن کو خون آلود کردیا گیا، ریاستی ادارے کب عوام کی مایوسی کا ازالہ کریں گے، کب عوامی زخموں کا مرہم بنیں گے۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ کب عوام کے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی حفاظت کا نظام بنائیں گے؟ متاثرہ خاندانوں سے تعزیت اور ان کے دکھ درد میں شریک ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں