وفاقی آئینی عدالت میں سماعت کے دوران 6/6 بینائی کا تذکرہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی آئینی عدالت میں جوڈیشل الاؤنس کیس کی سماعت کے دوران آنکھوں کی 6/6 بینائی کا دلچسپ تذکرہ ہوا۔
جوڈیشل الاؤنس کیس کی سماعت وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے کی جس دوران جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ وکیل صاحب آپ دور سے فائل دکھا رہے ہیں، میری نظر 6/6 نہیں ہے۔
جسٹس عامر فاروق نے مزید کہا نظر 6/6 بھی ہوتی تب بھی دور سے پڑھنا ممکن نہیں، وکلاء دوربین یا ٹیلی سکوپ لے کر دور سے پڑھ سکتے ہوں گے، مجھ سے نہیں پڑھا جائے گا۔
فاضل جج کا کہنا تھا جوڈیشل الاؤنس کے کیسز کی کئی کیٹیگریز ہیں، ایک سماعت میں اتنا طویل کیس کا فیصلہ نہیں ہوسکتا، ہر کیٹیگری کا کیس الگ الگ ٹیک اپ کریں گے۔
عدالت نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔