امریکی و اسرائیلی حملوں میں شہید ایرانیوں کی تعداد 1348 ہوگئی، 17 ہزار سے زائد زخمی

تہران: (دنیا نیوز) مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں اب تک 1 ہزار 348 ایرانی شہید ہو چکے جبکہ 17 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایران، اسرائیل اور امریکا کے درمیان حالیہ تنازع میں ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، ایرانی حملوں کے نتیجے میں اسرائیل میں 15 افراد ہلاک اور 2 ہزار 975 زخمی ہوئے جبکہ 15 امریکی ہلاک اور 140 زخمی ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق خطے کے دیگر ممالک میں بھی جانی نقصان ہوا، متحدہ عرب امارات میں حملوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 141 زخمی ہوئے جبکہ کویت میں 6 افراد جاں بحق اور 101 زخمی ہوئے، شام میں حملوں کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ عمان میں 3 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بحرین میں 2 افراد جاں بحق اور 59 زخمی ہوئے جبکہ سعودی عرب میں حملوں کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 12 زخمی ہوئے، حالیہ کشیدگی کے دوران ایک فرانسیسی شہری ہلاک جبکہ 6 زخمی ہوئے۔

دوسری جانب قطر میں 16 اور اردن میں 14 افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، لبنان پر اسرائیلی حملوں میں 717 افراد جاں بحق اور ایک ہزار 793 زخمی ہوئے جبکہ عراق میں حملوں کے نتیجے میں 22 افراد لقمہ اجل بنے اور 30 زخمی ہوئے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں