پڑوسی ممالک کی جانب سے جارحیت برداشت نہیں: پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل
لندن:(دنیا نیوز) برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان پڑوسی ممالک کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا۔
یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان ہاؤس لندن میں منعقدہ ایک سادہ اور باوقار تقریب میں برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی پرچم لہرایا۔
تقریب میں ہائی کمیشن کے حکام، برطانوی، پاکستانی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی، تقریب میں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ یوم پاکستان ہمارے بانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جنہوں نے برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں کو متحد کیا تاکہ وہ ایک قوم کے طور پر یکجا ہو کر آزادانہ طور پر زندگی گزار سکیں اور اپنی رسوم و روایات کے مطابق زندگی بسر کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے، تاہم پاکستان پڑوسی ممالک کی جانب سے کسی قسم کی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا، پاکستانی قوم مشکلات کے باوجود ہمت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ وزیراعظم، نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ اور وفاقی کابینہ کی ہدایات کے مطابق پاکستان ہائی کمیشن لندن کفایت شعاری کے اقدامات پر سختی سے عمل درآمد کر رہا ہے، تاہم یہ اقدامات ہائی کمیشن کی کارکردگی اور کام کو متاثر نہیں کریں گے۔
ڈاکٹر فیصل نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی نمایاں خدمات اور مختلف شعبوں میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کا اعتراف کرتےہوئے کہا کہ اُن کی کامیابیاں پاکستان کے لیے بے پناہ فخر کا باعث ہیں۔
اُنہوں نے اپنے خطاب میں بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت ان کے حق خودارادیت کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔