وزیراعظم نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین کے استعمال پر پابندی عائد کر دی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین فیول کے استعمال پر پابندی عائد کر دی۔

ہائی آکٹین فیول پر پٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں وزیر اعظم نے اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے جو فوری طور پر نافذالعمل ہے۔

جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری خرچ پر ہائی آکٹین کے استعمال پر سخت پابندی ہے، اگر کسی محکمے میں اس کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ افسر کو اپنے ذاتی خرچ سے یہ ایندھن اپنی گاڑی میں ڈلوانا ہوگا، فیصلے کے حوالے سے تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو فوری عملدرآمد کی ہدایت دی گئی ہے۔

اس اقدام کا بنیادی مقصد ملکی قومی وسائل کے انتہائی مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کٹوتی اور 60 فیصد گاڑیوں کو گراؤنڈ کیا جا چکا ہے، ان اقدامات سے حاصل بچت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سستا تیل مہیا کرنے پر خرچ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے، اس سے حکومتی اخراجات کم ہوں گے اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر استعمال ممکن ہوسکے گا۔

علازہ ازیں متعلقہ حکام کو فیصلے کی نگرانی کیلئے مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں