پاکستان اللہ کی نعمت، ہمیں بزرگوں کی طرح محنت کرکے کامیاب ہونا ہے: احسن اقبال
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی ایک نعمت ہے، ہمیں اپنے بزرگوں کی طرح محنت کرکے مزید کامیاب ہونا ہے
وفاقی دارالحکومت میں یوم قرارداد پاکستان کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ علامہ اقبال نے علیٰحدہ وطن کیلئے فکر پیدا کی۔
اُنہوں نے کہا کہ شاعر مشرق نے مسلمانوں میں آزادی کا شعور پیدا کیا، مسلم لیگ نے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان کے قیام کیلئے جدوجہد کی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح ہمارے عظیم محسن ہیں جب کہ پاکستان کے خواب کی سب سے مضبوط فکری بنیاد علامہ محمد اقبال نے فراہم کی۔
احسن اقبال نے مزید یہ بھی کہا کہ اقبال نے قائداعظم کو علیحدہ وطن کی جدوجہد کی طرف راغب کیا اور مسلمانوں کی علیحدہ قومیت کی بنیاد رکھی۔