یوٹیوبرز کا نام سفری پابندی کی فہرست سے نکالنے کے کیس میں اہم پیش رفت

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کے معاملے پر یوٹیوبر رجب بٹ کی درخواست پر سماعت ملتوی کردی جبکہ ندیم نانی والا کی درخواست نمٹا دی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں پاسپورٹ کنٹرول لسٹ (پی سی ایل) سے نام نکالنے کے معاملے پر یوٹیوبر رجب بٹ اور ٹک ٹاکر ندیم نانی والا کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

جسٹس محمد اعظم خان نے دونوں کیسز کی سماعت کی، دوران سماعت سسٹنٹ اٹارنی جنرل نے رجب بٹ کے کیس میں جواب جمع کرانے کے لیے مزید مہلت طلب کی، جس پر عدالت نے سماعت ملتوی کر دی۔

دوسری جانب ندیم نانی والا جن کا اصل نام ندیم مبارک ہے، کے کیس میں ڈائریکٹر لیگل این سی سی آئی اے سرفراز کھٹانہ کی جانب سے رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی، رپورٹ کے مطابق این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹر کی سفارش پر ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ندیم مبارک کا نام نیشنل سائبر سکیورٹی ایجنسی کی سفارش پر پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا اور وہ این سی سی آئی اے لاہور میں درج ایک انکوائری کیس میں نامزد ہیں، ان کا نام پاسپورٹ رولز 2021 کے تحت پی سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔

عدالت نے رپورٹ کی روشنی میں ندیم نانی والا کی درخواست نمٹا دی، جبکہ رجب بٹ کے کیس کی مزید سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں