ٹرمپ نے اسحاق ڈار کی آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت والی ٹویٹ شیئر کردی
واشنگٹن، اسلام آباد: (دنیا نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی ایک اہم ٹوئٹ سوشل میڈیا پر شیئر کر دی، جس کے بعد یہ معاملہ عالمی سطح پر خبروں کی زینت بن گیا۔
اسحاق ڈار نے اپنی ٹویٹ میں بتایا کہ ایران نے 20 پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دے دی ہے، روزانہ 2 پاکستانی جہاز اس اہم بحری گزرگاہ سے روانہ ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت ایران اور امریکا کے درمیان موجودہ کشیدگی کے دوران خاص اہمیت کی حامل ہے، کیونکہ آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کے لیے ایک کلیدی راستہ سمجھا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ جنگی حالات کے باعث اس راستے پر سخت نگرانی اور پابندیاں عائد کی گئی تھیں، جس سے عالمی تجارت اور توانائی کی سپلائی متاثر ہو رہی تھی، امریکی صدر کی طرف سے اس ٹوئٹ کا شیئر ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاکستان خطے میں ایک اہم سفارتی کردار ادا کر رہا ہے اور ایران کے ساتھ رابطوں کو آسان بنانے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھی مثبت ماحول پیدا ہو سکتا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی ٹوئٹ بھی شیئر کر چکے ہیں، جس میں وزیراعظم نے اسلام آباد میں مذاکرات کا خیرمقدم کیا تھا۔