وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، وزرائے اعلیٰ، وفاقی وزراء کی شرکت، توانائی بحران پر غور
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت پٹرولیم بحران پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، وزرائے اعلیٰ اور وفاقی وزراء نے شرکت کی، توانائی بحران پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں توانائی کے ممکنہ بحران پر غور کیا گیا، حکومت کے کفایت شعاری اقدامات اور توانائی کی بچت سے متعلق مجوزہ اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق اہم معاملات زیر غور آئے، وفاقی حکومت نے صوبوں سے پیٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی میں حصہ ڈالنے کا مطالبہ کیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا مکمل بوجھ صارفین پر منتقل کرنے پر بھی غور کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے دورہ چین پر بریفنگ دی، ایران امریکا مذاکرات کے حوالے سے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کے متعلق آگاہ کیا۔
اجلاس میں چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شرکت کی جبکہ وزیراعظم آزاد کشمیر بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
قبل ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ساتھ وزیراعظم ہاؤس پہنچے اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔