مکھیوں کے جھنڈ نے طیارہ روک لیا، پرواز تاخیر کا شکار
واشنگٹن: (ویب ڈیسک) امریکہ کے ایک ایئرپورٹ پر اس وقت غیر معمولی صورتحال پیدا ہوگئی جب شہد کی مکھیوں کے ایک بڑے جھنڈ نے طیارے کی روانگی میں تاخیر کروا دی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق واقعہ شارلٹ ڈگلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پیش آیا، جہاں ایک طیارہ پرواز کے لیے تیار کھڑا تھا کہ اچانک شہد کی مکھیوں کا جھنڈ اس کے انجن (ٹربائن) میں داخل ہوگیا۔
طیارے میں موجود ایک مسافر نے اس عجیب و غریب واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مکھیوں کے ماہرین ان کی پرورش کرنے والے افراد (بی کیپرز) اور ایئر لائن کا عملہ مل کر مکھیوں کو محفوظ طریقے سے ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ریسکیو ٹیم نے مکھیوں کو نقصان پہنچائے بغیر انہیں احتیاط سے ایک ڈبے میں جمع کیا اور محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔
واقعے کے باعث طیارے کی روانگی تقریباً ایک گھنٹے تک تاخیر کا شکار رہی، تاہم بعد ازاں تمام حفاظتی اقدامات مکمل کرنے کے بعد فلائٹ کو اپنی منزل کی جانب روانہ کردیا گیا۔