خیبرپختونخوا: ٹرانسپورٹ سیکٹرز کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے نئے منصوبوں پر غور

پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت محکمہ پلاننگ و ڈویلپمنٹ کا اجلاس ہوا، جس میں سماجی بہبود، کھیل، سیاحت، ریلیف، ٹرانسپورٹ سیکٹرز کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 27-2026 کے نئے منصوبوں پر غور کیا گیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے تمام تحصیلوں میں ریسکیو اسٹیشنز کی دستیابی یقینی بنانے، صوبے کی سوشیو اکنامک رجسٹری دسمبر تک مکمل کرنے اور الیکٹرک بائیکس و سکوٹیز کی صنعت اور ہیلی ٹورازم کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

اجلاس میں وزیر اعلیٰ کو زمونگ کور کے نئے سنٹرز، گونگے بہرے بچوں کے سکولز اور موجودہ سکولوں کی اپ گریڈیشن، دارالامانوں کی اپ گریڈیشن اور نئے دارالامانوں اور بایونک آرٹیفیشل لمبز ورکشاپس کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

علاوہ ازیں ہزارہ و مالاکنڈ میں تحصیل گراؤنڈز، بٹگرام و دیر اپر میں سپورٹس کمپلیکسز، خواتین کے لیے ان ڈور گیمز کی سہولیات اور جوان مراکز، نئے سیاحتی مقامات کی دریافت ، آثار قدیمہ کی بحالی، تاریخی ٹرین اسٹیشنوں کی بحالی، ایڈونچر ٹورازم کے فروغ کے لیے منصوبے کی تجویز دی گئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کو اجلاس میں کوہاٹ تا خرلاچی ریل سروس، سب اربن ٹرین، سیاحت کے لیے ڈبل ڈیکر الیکٹرک بسیں اور بی آر ٹی کے لیے نئی الیکٹرک بسوں کی خریداری، بی آر ٹی پشاور کی چارسدہ، نوشہرہ، اور خیبر تک توسیع کا منصوبہ اور نئے ریسکیو اسٹیشنز کا قیام، مائننگ والے اضلاع میں ایمرجنسی ریسکیو سروس کی مائنز ریسکیو آپریشنز تک توسیع کا منصوبہ کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

 سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ ترقی کے ثمرات کو صوبے کے ہر علاقے تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے، آنے والا ترقیاتی پروگرام صوبے کی معاشی و سماجی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں