پاکستان کی توجہ کسی انعام پر نہیں، خطے میں دیرپا امن پر مرکوز ہے: بلاول بھٹو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کی توجہ کسی انعام پر نہیں بلکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام پر مرکوز ہے۔
برطانوی ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے خبردار کیا کہ اس تنازع کے اثرات پوری دنیا کے لیے نہایت سنگین ثابت ہو سکتے ہیں، امریکا ایران مذاکرات میں عالمی برادری کے پاس متبادل حکمتِ عملی یعنی پلان بی کا کوئی آپشن موجود نہیں، اس لیے ضروری ہے کہ پلان اے یعنی امن کی کوششوں کو ہر حال میں کامیاب بنایا جائے۔
اُنہوں نے کہا کہ ایک ماہ کی سفارتی کاوشوں کے بعد امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس جنگ بندی کی منظوری دے دی ہے، جبکہ ایران کے 10 نکاتی فارمولے کو مذاکرات کی بنیاد بنایا گیا ہے، تاہم بعض نکات پر ابھی بھی اختلافات برقرار ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ ایران میں فضائی حملے اور خطے میں جوابی کارروائیاں فی الحال رک گئی ہیں، اور پاکستان کو امید ہے کہ فریقین کے درمیان اعتماد کی فضا بحال کی جا سکے گی،انہوں نے اِس بات پر بھی زور دیا کہ حالیہ کشیدگی کے باعث قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوئیں اور عالمی معیشت بھی متاثر ہوئی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نوبیل امن انعام سے متعلق سوال پر واضح کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان کی توجہ کسی انعام پر نہیں بلکہ خطے میں دیرپا امن کے قیام پر مرکوز ہے،انہوں نے ایک بار پھر اِس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی برادری کو امن کے واحد راستے پر ہی چلنا ہوگا، کیوں کہ پلان بی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔