ہمارا نظام انصاف ایک تعفن زدہ لاش بن چکا ہے: حافظ نعیم الرحمان
لاہور:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ہمارا نظام انصاف ایک تعفن زدہ لاش بن چکا ہے۔
صوبائی دارالحکومت منصورہ میں لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور بار، پاکستان ٹیکس بار ایسوسی ایشن اور پاکستان انٹرنیشنل بزنس فورم کے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک آئین و قانون کی بالادستی کے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتا۔
اُنہوں نے کہا کہ مرضی کی ترامیم سے آئین کا حلیہ بگاڑ دیا گیا ہے، عدلیہ ہی نہیں انصاف کے پورے نظام کو تباہ کر دیا گیا، امیرانصاف خرید لیتا ہے اور غریب انصاف کے لئے ساری زندگی عدالتوں کے دھکے کھاتا ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ وکلاء برادری آئین کی بحالی کے مشن کو لیکر اٹھیں، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی بحالی جماعت اسلامی کی بدل دو نظام تحریک کا بنیادی نقطہ ہے، ہمارا نظام انصاف ایک تعفن زدہ لاش بن چکا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والے اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو جاتے ہیں، اقتدار پر مافیاز نے قبضہ کرلیا ہے، احتساب کا کوئی نظام نہیں، ٹیکس غریب،کسان اور تنخواہ دار طبقہ دیتا ہے، سرمایہ داروں اور جاگیر داروں کو کوئی پوچھنے والا نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کے 25 ہزار سے زائد ملازمین ہاتھ پر ہاتھ دھرے دفتروں میں بیٹھے رہتے ہیں، عوام کی تائید کے بغیر کوئی حکومت مشکل حالات کا مقابلہ نہیں کر سکتی، موٹر سائیکل سوار مزدوروں اور طالب علموں سے روزانہ پٹرول لیوی کی مد میں کروڑوں روپے اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ عوام ہماری بدل دو نظام تحریک میں جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں، وکلاء آئین کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کے لئے جماعت اسلامی کی تحریک کا ساتھ دیں۔