بھارتی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ حادثے کا شکار، ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد ایئرپورٹ بند

پونے: (ویب ڈیسک) بھارت کے شہر پونے کے ایئرپورٹ پر بھارتی فضائیہ کے ایک لڑاکا طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کے باعث رن وے عارضی طور پر بند ہوگیا، جس سے آنے اور جانے والی پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا، تاہم حکام کے مطابق تمام عملہ محفوظ رہا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک جنگی طیارہ ایمرجنسی لینڈنگ کر رہا تھا، بھارتی فضائیہ نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ صورتحال ایک معمول کی رات کی پرواز کے دوران پیدا ہوئی اور خوش قسمتی سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بعد میں فضائیہ نے بتایا کہ رن وے کو صاف کر کے بحال کر دیا گیا ہے اور تمام حفاظتی جانچ مکمل ہونے کے بعد اسے دوبارہ استعمال کے قابل قرار دے دیا گیا جبکہ پروازوں کی بحالی مرحلہ وار جاری ہے۔

ایئرپورٹ اور پولیس ذرائع کے مطابق شبہ ہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کے پہیوں کے نظام میں خرابی تھی، جس کی وجہ سے طیارہ رن وے پر رک گیا اور راستہ بند ہو گیا، تاہم اس حوالے سے حتمی تکنیکی رپورٹ ابھی سامنے نہیں آئی۔

حکام کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر پیش آیا، جس کے بعد احتیاطی تدابیر کے طور پر فوری طور پر فضائی آپریشن معطل کر دیا گیا۔

پونے کا یہ ایئرپورٹ شہری اور فوجی دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہوتا ہے اور یہاں فضائیہ کا اڈہ بھی موجود ہے، جس کی وجہ سے اس واقعے کے بعد کمرشل پروازوں کا نظام بری طرح متاثر ہوا۔

فضائی ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ رن وے کو کلیئر کرنے اور معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے میں تقریباً 4 سے 6 گھنٹے لگے، اس دوران ایئر لائنز کو آگاہ کر دیا گیا اور پروازوں کے شیڈول میں رد و بدل کیا گیا۔

بھارت کے وزیر مملکت برائے ہوا بازی مرلی دھر موہول نے بھی اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسافروں کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی اور حالات کو جلد معمول پر لانے کے لیے اقدامات کیے گئے۔

رن وے بند ہونے کی وجہ سے 17 اور 18 اپریل کو پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا اور مختلف ایئر لائنز کی متعدد پروازیں منسوخ کرنا پڑیں، سب سے زیادہ منسوخیاں انڈیگو ایئرلائن کی ہوئیں، جس کی 31 آمد اور 34 روانگی کی پروازیں منسوخ کی گئیں جبکہ دیگر ایئر لائنز بھی متاثر ہوئیں۔

ایئر لائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ ایئرپورٹ جانے سے پہلے اپنی پرواز کی تازہ صورتحال ضرور چیک کریں، جبکہ متاثرہ مسافروں کو متبادل پرواز یا مکمل رقم کی واپسی کی سہولت بھی دی جا رہی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں