افغان مہاجرین کی واپسی بارے اجلاس، گورنر خیبرپختونخوا نے بریفنگ لی

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرصدارت صوبے میں افغان مہاجرین کی موجودہ صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس میں کمشنر افغان ریفیوجیز شکیل صافی نے گورنرخیبرپختونخوا کو تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں چیئرمین انجمن ہلال احمر ضم اضلاع عمران وزیر اور نادرا آفس کے حکام بھی شریک تھے۔

شرکا کو بریفنگ دی گئی کہ افغان مہاجرین کیلئے پشاور، نوشہرہ، ڈی آئی خان، کوہاٹ، بونیر، مردان، صوابی، ملاکنڈ، دیر، مانسہرہ، بنوں ، لکی مروت ، ٹانک، ہری پور، چترال میں 43 کیمپس قائم کیے گئے تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبہ میں افغان مہاجرین کی واپسی سے 10کیمپ خالی ہوچکے ہیں، 2023 سے 2025 تک مرحلہ وار واپسی میں 20 لاکھ کے قریب غیر قانونی مقیم افغان مہاجرین کی واپسی ہوچکی ہے۔

نادرا افس کی جانب سے لنڈی کوتل، طورخم بارڈر ٹرانزٹ پوائنٹ پر بائیو میٹرک سہولت فراہم کی جا رہی ہے، افغان مہاجرین خاندانوں کی بائیو میٹرک اور ڈیٹا اندراج کے بعد دستاویز دینے سے سرحد پار کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔

گورنر خیبرپختونخوا کو بتایا گیا کہ طورخم بارڈر سے روزانہ بنیادوں پر 3 ہزار مہاجرین کی واپسی ہوتی ہے، سکیورٹی خدشات کے باعث سرحد کی بندش سے افغان مہاجرین کی واپسی میں مشکلات درپیش ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ غیر قانونی طور پر مقیم مہاجرین کے بینک اکاؤنٹس اور موبائل سمز بند کیے جا چکے ہیں، ہلال احمر ضم اضلاع کی جانب سے طورخم بارڈر پر افغان مہاجرین کو سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

صاف پینے کے پانی، پرائمری ہیلتھ کیئر، فرسٹ ایڈ اور ایمبولینس سروس کی فراہمی جاری ہے، ہلال احمر ضم اضلاع کی جانب سے 13 ہزار کے قریب افغان مہاجرین کو ابتدائی طبی امداد و دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔

اجلاس میں گورنرخیبرپختونخوا نے نادرا حکام کو کوہاٹ، پشاور اور دیگر کیمپس میں افغان مہاجرین کی بائیو میٹرک اور ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کیمپس میں مقیم افغان مہاجرین کی بائیو میٹرک اور ڈیٹا اندراج سے سرحد پار کرنے میں مشکلات میں کمی آئے گی، لنڈی کوتل ٹرانزٹ پوائنٹ پر افغان مہاجرین کو واپسی کے عمل میں ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

اجلاس میں گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے افغان مہاجرین کی دیکھ بھال اور باعزت واپسی کے پورے عمل میں افغان کمشنریٹ کی کارکردگی کو سراہا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں