گوجرانوالہ میں منشیات فروشوں کے سہولت کار 4 پولیس اہلکار گرفتار
گوجرانوالہ :(دنیا نیوز) پنجاب کے شہر گوجرانوالہ میں منشیات فروشی اور سہولت کاری میں ملوث 4 پولیس اہلکار گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے گئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق سی پی او غیاث گل خان کے محکمہ میں کالی بھیڑوں کے خلاف سخت ایکشن کے بعد چاروں اہلکاروں کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ۔
ذرائع نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، تھانہ کینٹ، تتلے عالی، کھیالی اور گرجاکھ میں مقدمات درج کئے گئے۔
تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ گرفتار پولیس اہلکاروں میں کانسٹیبل اعجاز، عمران، عارف اور ساجد شامل ہیں جب کہ اُن سے 6 کلو سے زائد منشیات برآمد ہوئی ہے، ملزمان سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔