حافظ نعیم الرحمان کا ایک بار پھر آئی پی پیز معاہدے ختم کرنے کا مطالبہ

راولپنڈی:(دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے معاہدے فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

جڑواں شہر راولپنڈی میں جماعت اسلامی کی ممبر سازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ ایک لٹر پٹرول پر 153 روپے ٹیکسز وصول کیے جارہے ہیں، کیپسٹی پیمنٹس کے نام پر خزانے کو خالی کیا جا رہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ نظام کو بدلنے کی بات جماعت اسلامی کر رہی ہے، پٹرول پر 100 روپے کی سبسڈی نہیں لیوی ختم کی جائے، ہمیں سبسڈی کی بھیک نہیں چاہیے، آئی پی پیز کے معاہدے فوری طور پر ختم کیے جائیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ پٹرول اور بجلی کی قیمت کم ہوسکتی ہے، جماعت اسلامی عام آدمی کی آواز ہے، جاگیردار وڈیرے کے اشتراک نے ملک کو کچھ نہ دیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ چہرے بدلتے ہیں، نظام بدلنے کی ضرورت ہے، پرانی رجیم پاکستان کو کچھ نہ دے سکی، تاجروں کے ساتھ مارکیٹوں کے اوقار کار پر مذاکرات کریں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شدید بارش اور طوفانی ہوائیں تھی، کارکنان کو جمع ہونے پر شاباش دیتا ہوں،4 سو روپے کے ڈیزل پٹرول میں ٹیکس ہیں ،پٹرولیم لیوی ہماری جیبوں پر ڈاکہ ہے ،حکومت اپنی نا اہلی کا بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ سولر کی ناجائز پالیسی کو مسترد کرتے ہیں، عید کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، عوام کے ساتھ ملک بھر میں باہر نکلیں گے، ایک طبقہ ہی آئی پی پی اور گندم مافیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں