چائے کے وقفے تک میچ گرفت میں تھا، ہار کر مایوسی ہوئی: شان مسعود
ڈھاکا: (ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ چائے کے وقفے تک میچ گرفت میں تھا، جب بھی میچ ہارتے ہیں تو جذبات کافی زیادہ ہوتے ہیں، ہار کر مایوسی ہوئی۔
ڈھاکا میں پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 104 رنز سے شکست دے دی، میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ کسی پر الزام نہیں لگاؤں گا، شکست کی ذمہ داری خود لوں گا، بطور کپتان کوشش کرتا ہوں چیزوں کو بہتر کروں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں امید تھی کہ ہمارے سیٹ بیٹر گیم کو لمبا لے کر جائیں گے مگر بدقسمتی سے ایسا نہیں ہوا، ہمارے سیٹ بیٹر لمبا کھیلتے تو ہم میچ ڈرا کر سکتے تھے۔
شان مسعود نے کہا کہ مثبت بات یہ ہے اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل نے بہترین کھیل پیش کیا، عبداللّٰہ کو آج صبح ٹریننگ کے دوران سر پر بال لگی مگر اس کے باوجود اس نے اچھا حوصلہ دکھایا، مزید ٹیسٹ کرکٹ کھیل کر دونوں نوجوان بیٹر مزید میچور ہوں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور ٹیم ذمہ داری لے کر کھیلنا ہوگا، دوسرے ٹیسٹ میچ میں غلطیوں سے سیکھ کر اچھا کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے، ماڈرن ڈے کرکٹ میں کھلاڑی خود کو ہر جگہ ایڈجسٹ کرتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں وقفہ آنے سے چیزیں مشکل ہو جاتی ہیں۔