لاہور میں بادلوں کے ڈیرے، ژالہ باری اور بارش سے موسم خوشگوار
لاہور: (دنیا نیوز) شہر لاہور میں بادلوں نے ڈیرے ڈال لئے، ٹھنڈی ہوا سے درجہ حرارت میں کمی ہو گئی۔
صوبائی دارالحکومت میں کہیں ژالہ باری اور کہیں موسلادھار بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، وحدت روڈ، علامہ اقبال ٹاؤن، مسلم ٹاؤن کے اطراف بارش ہوئی۔
گڑھی شاہو، ڈیوس روڈ، لکشمی چوک، باغبانپورہ کے گردو نواح میں بارش ہوئی، مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ اور گلبرگ کے اطراف بھی بادل جم کر برسے۔
استنبول چوک، لوئر مال، جی پی او کے گردونواح میں موسلا دھار بارش جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری بھی ہوئی۔
لکمشی چوک، ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی اور اطراف میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی، بارش اور ٹھنڈی ہوا کے باعث شہر کا موسم خوشگوار ہو گیا۔
بارش کے دوران شہری احتیاطی تدابیر اپنائیں: پی ڈی ایم اے پنجاب
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور میں تیز بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری ہے، شہری بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اپنائیں، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے انتظامیہ کو نکاسی آب کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ ریسکیو 1122 اور واسا سمیت تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہیں۔
لاہور میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار جاری
لاہور میں سب سے زیادہ بارش گلشن راوی میں 31.4 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، گلبرگ میں 9.2 ملی میٹر، لکشمی چوک میں 20.8، اپرمال میں 0.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
تاجپورہ میں 1، چوک ناخدا میں 11.2، فرخ آباد میں 6.8 ملی میٹر، اقبال ٹاؤن میں 14، سمن آباد میں 20.6، سگیاں میں 0.8 ملی میٹر بارش ہوئی۔