حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروباری مواقع دینے کیلئے پرعزم ہے: وزیراعظم
اسلام آباد:(دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وزیراعظم یوتھ پروگرام کے جاری منصوبوں پر پیش رفت اور آئندہ برس کیلئے نئے منصوبوں کی تجاویز پر جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے،نوجوانوں کو آئی ٹی اور دیگر شعبوں میں عالمی معیار کی تعلیم و تربیت فراہم کرنے کیلئے اقدامات میں اضافہ کر رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی جامعات میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے جامع لائحہ عمل پیش کریں، وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی تکنیکی و فنی تربیت پر توجہ مرکوز کرے جس سے نوجوانوں کیلئے ملک اور بیرون ملک روزگار کے مواقع یقینی ہوں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کیلئے مختلف آسان قرضہ سکیموں کو ایک چھتری تلے لانے، کم آمدن و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو الیکٹرک بائیکس کی فراہمی کیلئے یوتھ پروگرام کو وزارت صنعت کے ساتھ تعاون کی ہدایت کی۔
شہباز شریف نے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا اوراجلاس کو وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی کارگردگی پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں حکام نے بتایا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب کے قیام سے اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2 ہزار سے زائد ادارے رجسٹر ہوئے جبکہ روزانہ کی بنیاد پر 4800 سے زائد درخواستیں موصول ہورہی ہیں جن کی کڑی جانچ پڑتال کے بعد اُن کی شمولیت یقینی بنائی جاتی ہے۔
حکام کا بریفنگ میں کہنا تھا کہ کہ وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری لونز کے تحت اب تک 2 لاکھ 87 ہزار سے زائد نوجوانوں کو 122.5 ارب روپے کاروبار و زراعت کیلئے آسان شرائط پر بطور قرض دیئے جا چکے جسکی بدولت 9 لاکھ سے زائد روزگار کے موقع پیدا ہوئے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ قرض سکیم کے تحت دیے جانے والے ہر قرض کے عوض 3 سے زائد نئے روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں ملک کی پہلی یوتھ اینڈ ایڈالیسینٹ پالیسی اور پہلی یوتھ روزگار پالیسی تیار ہو چکی ہے، اسی طرح ملک میں پہلی قومی یوتھ کونسل کا قیام، وزیرِ اعظم سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا اجراء بھی ہوا۔
اِسی طرح سپورٹس اینڈ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت رواں برس 4 لاکھ نوجوانوں نے اس میں حصہ لیا جس میں ملک کے محروم اور متوسط طبقوں کے نوجوانوں کو میرٹ پر اپنے ہنر دکھانے کا موقع ملا جس کا عملی مظاہرہ رواں برس پاکستان سپر لیگ میں اسی پروگرام کے تحت ابھر کر سامنے آنے والے کئی کھلاڑیوں کی شمولیت کی صورت ہو۔
اجلاس کو یوتھ پروگرام کے تحت ملک میں مکس مارشل آرٹس، فیفا ایرینا اور ای سپورٹس کے اقدامات سمیت مختلف منصوبوں کے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔