سلہٹ ٹیسٹ کا تیسرا روز: قومی ٹیم مشکلات کا شکار، بنگلادیش کو 182 رنز کی برتری
سلہٹ ٹہسٹ کے تیسرے روز دوسسری اننگز میں قومی ٹیم مشکلات کا شکار ہے بنگلادیش کو قومی ٹیم کیخلاف 182 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان سلہٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن کا آغاز ہوچکا ہے جہاں میزبان ٹیم 4 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز سے بنا چکی ہے۔
بنگلادیش کو دوسری اننگز میں اب تک مجموعی طور پر 182 رنز کی برتری حاصل ہوچکی ہے اور وکٹ پر اس وقت لٹن داس 13 رنز کے ساتھ موجود ہیں۔
دوسرا روز
قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے باعث بنگلادیش کو 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔
دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللّٰہ فضل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ 61 رنز پر گری جب کپتان شان مسعود21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 79 رنز پر گری، سعود شکیل 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر گری جب بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب اسکور کا مجموعہ 150 پر پہنچا تو پاکستان کی چھٹی وکٹ سلمان علی آغا کی صورت میں گری وہ 21 رنز بنا سکے۔
بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ساتویں وکٹ 174 رنز پر گری، محمد رضوان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم کی آٹھویں 184 رنز پر گری، حسن علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی نویں وکٹ 207 رنز گری جب خرم شہزاد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آخری وکٹ 232 رنز پر ساجد خان کی صورت میں گری، انہوں نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔
بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
پہلا روز
سلہٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے عمدہ کارکردگی دکھائی اور محمد عباس نے پہلے اوور میں ہی بنگلادیش کو پہلا نقصان پہنچا دیا، بعد ازاں 44 رنز کے مجموعے پر عباس نے اپنی دوسری وکٹ بھی حاصل کی، بنگلادیش کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری، جسے خرم شہزاد نے اپنے نام کیا، پہلے سیشن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے۔
دوسرے سیشن میں بھی پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا اور چائے کے وقفے تک بنگلادیش کے 6 کھلاڑی 168 رنز پر پویلین واپس جاچکے تھے۔
تاہم آخری سیشن میں لٹن داس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
بنگلادیش کی جانب سے دیگر نمایاں بیٹرز میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے، اوپنرز اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے۔
پاکستانی ٹیم میں اذان اویس، شان مسعود، بابر اعظم، عبداللہ فضل، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، خرم شہزاد، ساجد خان، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔
اس میچ کے لیے امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے کیونکہ اس نے پہلا ٹیسٹ اپنے نام کیا تھا۔