ایران میں فرانسیسی سفیر کی طلبی، اندرونی معاملات میں مداخلت پر شدید احتجاج

تہران: (دنیا نیوز) ایران نے اندرونی معاملات میں مبینہ مداخلت پر تہران میں تعینات فرانسیسی سفیر کو طلب کرتے ہوئے فرانسیسی حکومت کے طرزِ عمل پر سخت احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا کہ فرانسیسی سفیر کو تہران میں تعینات دو فرانسیسی سفارت کاروں کی سرگرمیوں کے حوالے سے طلب کیا گیا، ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ فرانسیسی حکومت گمراہ کن عنوانات کے تحت ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور اس نوعیت کی سرگرمیاں فوری طور پر بند کرے۔

اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ دونوں فرانسیسی سفارت کار سول سوسائٹی سے رابطوں کے بہانے ایران کے اندرونی معاملات میں مداخلت کر رہے تھے، جبکہ ان کی سرگرمیاں ویانا کنونشن برائے سفارتی تعلقات کے تحت کسی صورت جائز نہیں تھیں۔

واضح رہے کہ 20 جولائی کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے دو فرانسیسی سفارت کاروں کو حراست میں لے کر کئی گھنٹوں تک ان سے پوچھ گچھ کی تھی، جس کے بعد انہیں فرانسیسی سفارت خانے واپس جانے کی اجازت دے دی گئی۔

حراست میں لیے گئے سفارت کاروں میں سے ایک نے الزام عائد کیا کہ دورانِ حراست اس کے ساتھ جسمانی بدسلوکی کی گئی، جبکہ فرانس کے وزیرِ خارجہ ژاں نوئل بارو نے اس واقعے کو دھمکی آمیز رویے کا نہایت سنگین اقدام قرار دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...