سلہٹ ٹیسٹ بھی پاکستان کے ہاتھ سے نکلنے لگا، جیت کیلئے 121 رنز درکار، تین وکٹیں باقی

سلہٹ : (دنیا نیوز) بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 316 رنز بنالیے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے دیے گئے 437 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گری، عبداللّٰہ فضل 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلہ دیش کے خلاف دوسری اننگز میں پاکستان کی دوسری وکٹ 41 رنز پر گر گئی، اذان اویس 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے پاکستان کا سکور 133 پر پہنچایا جس کے بعد بابر اعظم 47 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

نئے آنے والے بیٹر سعود شکیل بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہیں رک سکے اور صرف 6 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، پاکستان کا سکور 162 رنز پر پہنچا تو کپتان شان مسعود بھی 71 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، سلمان آغا بھی 71 رنز بناکر چلتے بنے جبکہ حسن علی بغیر کھاتہ کھولے آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان 75 اور ساجد خان 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود ہیں۔

تیسرا روز

سلہٹ میں پاکستان کے خلاف کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز بنگلہ دیشی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 390 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس کی بدولت اسے پاکستان پر مجموعی طور پر 436 رنز کی بھاری برتری حاصل ہوئی، پہلی اننگز کے خسارے کو ملا کر اب پاکستان کو یہ ٹیسٹ جیتنے کے لیے ریکارڈ 437 رنز بنانا ہوں گے۔

بنگلہ دیش کی شاندار بیٹنگ اور مضبوط گرفت کے بعد اب پاکستانی بلے بازوں کے لیے کریز پر ٹکنا اور اس میچ کو ہار سے بچانا ایک بہت بڑا چیلنج بن گیا ہے، سلہٹ کی پچ پر چوتھے اور پانچویں دن اتنے بڑے ہدف کا تعاقب کرنا پاکستان کے لیے کسی کڑے امتحان سے کم نہیں ہوگا۔

بنگلا دیش نے میچ کے تیسرے روز اپنی دوسری اننگز کا آغاز 110 رنز 3 وکٹوں سے کیا۔ کپتان نجم الحسن شنتو اور مشفق الرحیم نے کھیل کو آگے بڑھایا، تاہم 115 کے مجموعی اسکور پر بنگلا دیش کو چوتھا جھٹکا لگا جب نجم الحسن شنتو 15 رنز بنا کر خرم شہزاد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔

دوسرا روز

قبل ازیں پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جس کے باعث بنگلادیش کو 46 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے 21 رنز بغیر کسی نقصان کے ساتھ دوسرے روز کے کھیل کا آغاز کیا مگر دونوں اوپنرز جلد ہی اپنی وکٹیں گنوا بیٹھے، اذان اویس 13 اور عبداللّٰہ فضل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 61 رنز پر گری جب کپتان شان مسعود21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اس کے بعد پاکستان کی چوتھی وکٹ 79 رنز پر گری، سعود شکیل 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 142 رنز پر گری جب بابر اعظم 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ جب اسکور کا مجموعہ 150 پر پہنچا تو پاکستان کی چھٹی وکٹ سلمان علی آغا کی صورت میں گری وہ 21 رنز بنا سکے۔

بنگلادیش کے خلاف پاکستان کی ساتویں وکٹ 174 رنز پر گری، محمد رضوان 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، قومی ٹیم کی آٹھویں 184 رنز پر گری، حسن علی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی نویں وکٹ 207 رنز گری جب خرم شہزاد 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور آخری وکٹ 232 رنز پر ساجد خان کی صورت میں گری، انہوں نے 28 گیندوں پر 38 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلادیش کی جانب سے ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلا روز

سلہٹ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی سے عمدہ کارکردگی دکھائی اور محمد عباس نے پہلے اوور میں ہی بنگلادیش کو پہلا نقصان پہنچا دیا، بعد ازاں 44 رنز کے مجموعے پر عباس نے اپنی دوسری وکٹ بھی حاصل کی، بنگلادیش کی تیسری وکٹ 63 رنز پر گری، جسے خرم شہزاد نے اپنے نام کیا، پہلے سیشن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 101 رنز بنائے تھے۔

دوسرے سیشن میں بھی پاکستانی بولرز نے دباؤ برقرار رکھا اور چائے کے وقفے تک بنگلادیش کے 6 کھلاڑی 168 رنز پر پویلین واپس جاچکے تھے۔

تاہم آخری سیشن میں لٹن داس نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری سکور کی، انہوں نے 126 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ٹیم کو 278 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

بنگلادیش کی جانب سے دیگر نمایاں بیٹرز میں نجم الحسن شانتو 29، تنزید حسن 26، مشفق الرحیم 23، مومن الحق 22 اور تیج الاسلام 16 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد عباس نے 3، حسن علی نے 2 اور ساجد خان نے ایک وکٹ حاصل کی، جواب میں پاکستان نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کسی نقصان کے 21 رنز بنالیے، اوپنرز اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 8 رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے۔

پاکستانی ٹیم میں اذان اویس، شان مسعود، بابر اعظم، عبداللہ فضل، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان آغا، خرم شہزاد، ساجد خان، حسن علی اور محمد عباس شامل ہیں۔

اس میچ کے لیے امام الحق، شاہین آفریدی اور نعمان علی کو ٹیم کا حصہ نہیں بنایا گیا۔

واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو ایک صفر کی برتری حاصل ہے کیونکہ اس نے پہلا ٹیسٹ اپنے نام کیا تھا۔  

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں