24 گھنٹوں میں ملک کے مختلف اضلاع میں موسم بارے الرٹ جاری

اسلام آباد:(دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف اضلاع کے لیے ممکنہ موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا۔

 اگلے 12سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بالائی علاقوں سمیت گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک،چکوا ل،جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع بشمول چترال، دیر، سوات،کالام، منگورہ،مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب،زیارت،قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ،چمن، پشین اورسبی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اِسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں سکردو، ہنزہ، نگر، غزر، دیامر، گلگت، گھانچے، استور، خرمنگ، شگر، مظفرآباد، باغ،راولاکوٹ، حویلی،پونچھ اور وادی نیلم میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔

این ای او سی نے خبردار کیا ہے کہ بارش کے ساتھ مختلف علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری بھی متوقع ہے،تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں

این ڈی ایم اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں، تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں۔

دوسری جانب سیاح اور مسافروں سے اپیل ہےکہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتِ حال ضرور چیک کریں، عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

مزید برآں این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتِ حال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں