شہباز شریف سے چین کے اعلیٰ سطح وفد کی ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کی قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی سٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ کی قیادت میں چین کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔
اعلیٰ سطحی چینی وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔
ملاقات میں سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھیں۔
چینی مہمانان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75برسوں کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر سٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔
.jpg)
وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا، انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔
شہباز شریف نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں۔
علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کا تبادلہ کیا، انہوں نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔
.jpg)
تسائی دافنگ نے کہا کہ چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے مزید کہا کہ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
دونوں جانب نے اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا ایک اہم ستون ہے۔