پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بجٹ کیلئے مذاکرات جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مالی سال 2026 اور 2027 کے بجٹ پر مذاکرات آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

آئی ایم ایف نے پاکستان پر ٹیکس نیٹ بڑھانے، ٹیکس وصولی بہتر بنانے اور معاشی اصلاحات جاری رکھنے پر زور دیا ہے، سٹیٹ بینک کی جانب سے بھی سخت مانیٹری پالیسی اپنانے کی یقین دہانی کروائی گئی۔

آئی ایم ایف اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ آئی ایم ایف وفد نے پاکستانی حکام کے ساتھ حالیہ معاشی صورتحال، اصلاحاتی اقدامات اور رواں مالی سال کیلئے بجٹ حکمتِ عملی پر تفصیلی اور تعمیری بات چیت کی۔

مذاکرات میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پاکستانی معیشت پر ممکنہ اثرات، ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی کے تحت جاری اصلاحاتی ایجنڈے پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایم ایف کے مطابق پاکستانی حکام نے رواں مالی سال میں جی ڈی پی کے 2 فیصد بنیادی بجٹ سرپلس کے ہدف پر قائم رہنے کے عزم کااعادہ کیا، اس مقصد کے لئے ٹیکس نیٹ میں توسیع، سرکاری اخراجات میں اصلاحات اوروفاقی وصوبائی سطح پر مالیاتی نظم ونسق مضبوط بنانے پر اتفاق کیاگیا۔

سٹیٹ بینک نے مہنگائی پر قابو پانے کے لئے سخت مانیٹری پالیسی برقرار رکھنے کے عزم کا اظہارکیا۔

مذاکرات میں آر ایس ایف پروگرام کے تحت ماحولیاتی خطرات سے نمٹنے، بجٹ منصوبہ بندی میں ماحولیاتی عوامل شامل کرنے اور بجلی سبسڈی اصلاحات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

آئی ایم ایف مشن نے وفاقی اور صوبائی حکام کے تعاون اور بہتر معاشی پالیسیوں کے عزم کو سراہتے ہوئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں