مومنہ اقبال کے نکاح کی تصاویر وائرل، برائیڈل لک نے مداحوں کو دیوانہ بنا دیا

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال کی شادی کی تقریبات سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جنہیں مداحوں کی جانب سے بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔

لاہور میں منعقد ہونے والی نکاح تقریب کے فوٹو شوٹ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، تصاویر میں مومنہ اقبال روایتی دلہن کے روپ میں انتہائی حسین دکھائی دیں، انہوں نے ڈل گولڈن رنگ کا خوبصورت لہنگا زیب تن کیا، جس پر نفیس اور بھاری کڑھائی کی گئی تھی، اس کے ساتھ انہوں نے ہم رنگ چولی اور ڈوپٹہ اوڑھا، جبکہ رسٹ رنگ کے اضافی ڈوپٹے نے ان کے برائیڈل انداز کو مزید منفرد بنا دیا۔

اداکارہ نے اپنے روایتی دلہن کے لک کو ناتھ، ٹیکا، جھومر، گولڈ چوکر، ہار اور سنہری کنگنوں سمیت بھاری جیولری سے مکمل کیا، جو ان کی شخصیت کو مزید دلکش بنا رہی تھی۔

دوسری جانب ان کے شوہر حمزہ حبیب سفید رنگ کی کلاسک شیروانی اور سفید و سنہری کلہ میں ملبوس نظر آئے، جس نے جوڑی کے روایتی انداز کو چار چاند لگا دیے۔

مومنہ اقبال پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کا ایک معروف نام ہیں اور ان کے انسٹاگرام پر تقریباً 20 لاکھ فالوورز موجود ہیں، انہوں نے اپنے کیریئر میں متعدد کامیاب ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں، جن میں میرے ہم نشین، دو کنارے، توبہ، احسان فراموش، عہدِ وفا، پارلر والی لڑکی اور دستک شامل ہیں۔

نکاح کی تصاویر منظرِ عام پر آنے کے بعد مداح اور شوبز شخصیات نو بیاہتا جوڑے کو مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کر رہے ہیں، جبکہ مومنہ اقبال کا دلکش برائیڈل لک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ بن گیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں