این ڈی ایم اے کا لینڈ سلائیڈنگ الرٹ، شمالی اور پہاڑی علاقوں میں احتیاط کی ہدایت
اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 2 سے 6 جون کے دوران ملک کے مختلف پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 2 سے 5 جون کے دوران خیبر پختونخوا میں جاری بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔
الرٹ کے مطابق چترال، اپر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ موجود ہے، حساس شاہراہوں اور راستوں میں لواری ٹنل، چترال تا دیر روڈ، وادی سوات، شاہراہِ قراقرم اور ناران۔کاغان روڈ شامل ہیں، جہاں سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں بھی 2 سے 6 جون تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا، شاہی، شاردا، آٹھ مقام اور اڑنگ کیل کی رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور سفری مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔ سیاحوں اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔
این ڈی ایم اے نے ممکنہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو پیشگی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔
عوام کو بروقت معلومات اور ہنگامی الرٹس کے حصول کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ" ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔